کیا انسان کا رنگ پیلا بھی ہو سکتا ہے؟چینی شہری میں انکشاف
بیجنگ (نیوز ڈیسک) انسانی خون کے بارے میں آج تک تو یہی سنا تھا کہ اس کا رنگ سرخ ہوتا ہے، البتہ کبھی کبھار محاورۃً خون کے سفید ہونے کی بات ضرور سننے میں آتی ہے، لیکن پہلی دفعہ خون کا رنگ پیلا ہونے کی خبر بھی سامنے آگئی ہے، اور یہ کوئی محاورہ نہیں بلکہ ایک حقیقی واقعہ ہے۔ اخبار ’’ڈیلی سٹار ‘‘کے مطابق چینی شہر ژی چانگ کے پیپلزہسپتال میں ایک 40 سالہ مریض کو پیٹ میں شدید درد اور جسمانی کمزوری کی شکایت کے ساتھ لایا گیا۔ ڈاکٹروں نے لیو نامی مریض کے خون کا نمونہ لے کر اس کا تجزیہ کرنا چاہا، لیکن جب مریض کے جسم سے خون کا نمونہ لیا گیا تو اسے دیکھ کر ڈاکٹروں کی آنکھیں بھی حیرت سے پھٹی رہ گئیں۔ اس مریض کے جسم سے سرخ کی بجائے پیلے رنگ کا خون برآمد ہورہا تھا، جس کی کوئی مثال اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آئی۔ پیلے خون کے تفصیلی معائنے کے بعد ژی چانگ ہسپتال کے ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ یہ پینکریا ٹائٹس نامی بیماری کی شدید صورت کی وجہ سے پیدا ہوا جس کی بنیادی وجہ خون میں چکنائی کی مقدار حد سے زیادہ بڑھ جانا ہے۔ مریض سے معلومات لی گئیں تو پتہ چلا کہ وہ پچھلے کچھ عرصہ کے دوران انتہائی زیادہ چکنائی اور پروٹین والی غذائیں مسلسل استعمال کررہا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں کی وجہ سے خون کی رنگت میں معمولی تبدیلی رونما ہوسکتی ہے لیکن یہ کیس کچھ زیادہ ہی حیرت انگیز ہے۔