ملتان: گھر کو مسمار کرنے پر خود کو آگ لگا کر جھلسنے والا محنت کش دم تور گیا

ملتان: گھر کو مسمار کرنے پر خود کو آگ لگا کر جھلسنے والا محنت کش دم تور گیا

ملتان (کرائم رپورٹر 228 وقائع نگار) محکمہ مال اور پولیس کا قبلہ درست کرنے کے حکومتی دعوے ‘ پریس کلب کے سامنے 2 روز قبل خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا محمد شہبازگزشتہ روز نشتر ہسپتال کے برن یونٹ میں دم توڑ گیا۔ جس کے بعد اس کے لواحقین غم سے نڈھال ہوگئے ،شہباز کی ایک 6ماہ کی بچی اور ایک بیٹا ہے۔ اس موقع پر محمد شہباز کے والد محمد فوجدار کا کہنا تھا کہ پولیس اور پٹوار ی کے روایتی کلچر نے نہ صرف ہمیں گھر بلکہ بڑے بیٹے سے بھی محروم کردیا۔1970سے پہلے ان کا رقبہ ملتان ایئر پورٹ کے قریب واقع تھا ۔ائیر پورٹ بننے پر انہیں متبادل طور پر شاملاٹ میں تھانہ صدر کے علاقہ میں 32مرلے رقبہ دیا گیا۔جس پر یہاں موجود اورا براداری سے ان کا تنازع چل رہا تھا۔جنھوں نے متعدد بار ان پر حملہ کیااور قبضہ کرنے کی کوشش کی،پولیس تھانہ صدر کو جب ہم نے مخالفین کے خلاف درخواست دی تو انہوں نے ان سنی کردی۔محمد فوجدار کا مزید کہنا تھا کہ اس کے تین بیٹے ہیں ۔سب سے بڑا بیٹا شہباز تھا جو رکشہ چلا کر اپنا اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا تھا ۔ڈیڑھ سال قبل بھی شہباز نے انصاف نہ ملنے پر خود سوزی کی کوشش کی تھی ،زمین کے تنازعہ پر انہوں نے عدالت سے سٹے لیا ہوا تھا۔مخالفین نے پٹواری عبدالرزاق اور مقامی ایم پی اے کی ملی بھگت سے ان کا رقبہ سرکاری ظاہر کردیا جبکہ وہ وہاں پر20سال سے قابض ہیں تو انہیں20سال پہلے کیوں نہ خیال آیا۔دوسری جانب پولیس تھانہ صدر نے ان کی داد رسی کرنے کی بجائے اورا برادری سے ساز باز کر کے الٹا تشدد کا مقدمہ ہمارے خلاف درج کردیا۔محمد شہباز کی بیوہ صوبیہ بی بی نے بتایا کہ جب ہمارا گھر مسمار کیا جارہا تھا اس وقت میرے خاوندشہباز سے یہ منظر نہ دیکھا گیا۔اس نے انصاف نہ ملنے پر خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ انہیں اب کسی پر اعتبار نہیں رہا انتظامیہ سمیت پولیس سب ظالم ہیں۔اس ملک میں غریب انسان کا جینا محال ہے۔ علاوہ ازیں ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل نے پریس کلب کے باہر خود سوزی کرنے والے شہباز کے کیس کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔جو 48گھنٹے میں تمام ریکارڈ کی پڑتال کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی،دو رکنی کمیٹی میں ایس ایس پی آپریشنز عاطف اکرام اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید شامل ہیں۔ سی پی او ملتان ایس ایس پی اظہر اکرم نے تھانہ صدر میں تھانہ گلگشت کے انچارج انویٹی گیشن انسپکٹر ملک راشد تھہیم کو عارضی طور پر ایس ایچ او تعینات کر دیا۔ جنہوں نے حکم ملتے ہی تھانہ صدر کے انتظامی امور کو سنبھال لیا۔ واضح رہے کہ سی پی او ملتان اظہر اکرم نے ایک روز قبل ملتان پریس کلب کے باہر 35 سالہ شخص کی خود کو آگ لگا کر خودکشی کرنے پر سابقہ ایس ایچ او تھانہ صدر جہانگیر مترو کو معطل کر دیا تھا۔ سی پی او ملتان نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او کو واضح ہدایت دی ہے کہ تھانے میں آنے والے متاثرہ افراد کو فوری انصاف مہیا کریں۔

مزید : ملتان صفحہ اول


loading...