ڈاکٹر مہر تاج روغانی کا خصوصی طلبہ کے مختلف سکولوں کادورہ

ڈاکٹر مہر تاج روغانی کا خصوصی طلبہ کے مختلف سکولوں کادورہ

پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبودو ترقی خواتین مہر تاج روغانی نے منگل کے روزشرجیل خان ملک صدرپی ٹی آئی (یو کے) کے ہمراہ گورنمنٹ سکو ل برائے نابینا نشتر آباد پشاور اور گورنمنٹ سکول برائے گونگے بہرے گل بہار پشاور ،وومن کرائسز سنٹر ،اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد پشاورکا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء اور اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔انہوں نے سکولوں میں کمپیوٹرلیب،ٹیلرنگ اورکلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلباء کی تعلیمی استعداد کاربھی معلوم کی۔انہوں نے گرلز سیکشن کے دورے کے دوران طالبات کی تعلیم وتربیت کی فراہمی کے عمل کو سراہا۔ اس موقع پر جیکا کے جنرل سیکرٹری منظور نے خصوصی طلباء کے مسائل پر روشنی ڈالی۔سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کے معائنے کے دوران ڈاکٹر شیراز نے وفدکوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا کے پندرہ اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن کے طلباء کے لئے سکول موجود ہیں مگر وہاں پر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے طلباء کی تعلیم میں مشکلات درپیش یں جنکی وجہ سے تعلیم مکمل نہیں ہو سکتی انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں مکمل آگاہی کی بھی ضرورت ہے تاکہ عوام ان کے ساتھ مثبت رویہ اپنائیں ۔اس موقع پر پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر قاضی سید نورنے بھی خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اور ان کے مسائل اور جدید آلات کی فراہمی کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی طلباء کے لئے سکولو ں میں ٹاکنگ واچ ،بیرل بکس کی فراہمی اور ٹیچر ٹریننگ کے ضروری بندوبست کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹرمہر تاج روغانی نے کہاکہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے نابینا اور قوت سماعت سے محروم افراد کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لئے حکومت ضروری اقدامات کر رہی ہے لہذا مخیر حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں خصوصی افراد کے لئے دل کھول کر مددکریں۔مہر تاج روغانی نے قوت سماعت سے محروم طلبہ میں امدادی چیک تقسیم کیے۔پی ٹی آئی یوکے کے صدر شرجیل خان نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں خصوصی طلباء کے لئے مزیدجدید آلات ،ہیئرنگ ہیڈ، تعلیم و تربیت اور دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...