چارسدہ ،بقایا جات طلب کرنے پر پٹواری کی دھنائی کردی گئی

چارسدہ ،بقایا جات طلب کرنے پر پٹواری کی دھنائی کردی گئی

چارسدہ (بیورورپورٹ)ریٹائرڈ کرنل نے محکمہ ایریگیشن کے بقایا جات طلب کرنے پر ذاتی ملازمین سے مل کر پٹواری کو لہولہان کر دیا ۔ ریٹائرڈ کرنل ذاکر اللہ جان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے پٹواری نے تھانہ سرڈھیری میں درخواست جمع کر ادی۔ پٹواریوں نے ملزم کے خلاف قانونی کاروائی تک مزید ریکوری کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ صوبائی وزیر ایری گیشن محمود خان نے ایکشن نہ لیا تو پیر کے روز سے صوبائی سطح پر احتجاج شروع کرینگے ۔متاثرہ پٹواری اورنگزیب کی پریس کانفرنس۔ تفصیلا ت کے مطابق چارسدہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کینال پٹواری ایسو سی ایشن کے صوبائی سینئر نائب صدر شاہ نواز اور متاثرہ پٹواری اونگریب نے کہا کہ منگل کے روز وہ ریکوری کے سلسلے میں سرڈھیری کے علاقہ میں ریٹائرڈ کرنل ذاکر اللہ جان کے حجرے گئے اور ان سے ایری گیشن کے واجب الادا 57ہزار روپے کی ادائیگی کے حوالے سے بات چیت کی مگر موصوف نے ان کی بات سنی ان سنی کرکے غلیظ گالیاں شروع کی اور ذاتی ملازمین سے مل کر ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ دھینگا مشتی کے دوران ان کے جیب سے 50ہزار روپے اور دیگر چیزیں بھی گر گئی ۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ کے بعد وہ سیدھے دفتر چلے گئے اور ساتھیوں کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس پرساتھیوں نے ایکسین حضر حیات کو بھی ساری صورتحال سے آگاہ کیا مگر انہوں نے کوئی پر واہ نہیں کی اور سیدھے دفتر سے چلے گئے ۔ متاثرہ پٹواری کے مطابق سرڈھیری تھانہ میں ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے درخواست جمع کر دی ہے ۔ اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر نے ایری گیشن کی ریکوری سے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی کہ ریٹائرڈ کرنل ذاکر اللہ جان کے خلاف قانونی کاروائی نہ کی گئی اور صوبائی وزیر ایری گیشن محمود جان نے ایکشن نہ لیا تو پیر کے روز سے صوبائی سطح پربھی احتجاج شروع کرینگے جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہو گی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...