این اے 122میں سخت مقابلہ اور پی پی 147میں ن لیگی امیدوار کی شکست،وزیراعظم نے وجوہات کی رپورٹ طلب کر لی

این اے 122میں سخت مقابلہ اور پی پی 147میں ن لیگی امیدوار کی شکست،وزیراعظم نے ...
 این اے 122میں سخت مقابلہ اور پی پی 147میں ن لیگی امیدوار کی شکست،وزیراعظم نے وجوہات کی رپورٹ طلب کر لی

  


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم نواز شریف ضمنی انتخابات پر مطمئن نہیں ہیں۔انہوں نے این اے 122میں سخت مقابلے کی وجوہات کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نجی ٹی وی سماءکے مطابق ن لیگ کے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ضمنی انتخابات کے نتائج پر مطمئن نہیں ہیں انہوں نے ضمنی انتخابات میں ناقص کارکردگی کے اسباب تلاش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے این اے 122میں سخت مقابلے کی وجوہات  اور پی پی 147میں مسلم لیگی امیدوار کی شکست کی رپورٹ طلب کی ہے ۔انہوں نے آئندہ انتخابات کیلئے مناسب امیدواروں کے چناﺅ  کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی  بھی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے توانائی بحران پر جلد قابو پا لیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو توانائی سے متعلق جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔دوران اجلاس توانائی منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیااور ایل این جی کی درآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔دوران اجلاس انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے صوبوں کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر اور منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے وزارتوں میں مربوط نظام بنایا جائے۔انہوں نے تلقین کی کہ جاری منصوبوں میں قواعد و ضوابط اور شفایت کو یقینی بنایا جائے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے ملاقات کی جس میں سیاسی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اولین ترجیح ہے صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت تعاون کرے گی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...