ووٹ منتقلی کے پیچھے نادرا نہیں ،پی ٹی آئی سیاست چمکانے کے لیے تنقید کر رہی ہے :چوہدری نثار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ووٹروں کی منتقلی کے پیچھے نادرا کا ہاتھ نہیں ہے ،پی ٹی آئی کی جانب سے سیاست چمکانے کے لیے روائیتی تنقید کی جا رہی ہے۔نادرا از خود ووٹ تبدیل نہیں کر سکتا ۔ان کا کہنا ہے کہ حلقہ ایک سو بائیس میں 25ہزار 9سو 29ووٹروں کا اضا فہ ہوا ہے تاہم 26اگست کے بعد وووٹروں کی لسٹوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 2015میں 780ووٹ منتقل کیے گئے ۔حلقہ 120میں 2328،حلقہ 121میں 2506اور حلقہ 130میں 4139ووٹوں کا اضافہ ہوا ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ پی ٹی آئی حلقہ ایک سو بائیس کے ضمنی انتخاب میں نادرا پر آخری وقت میں ووٹرز ادھر ادھر کرنے کا الزام لگا رہی ہے ۔نادرا کا ووٹرز کی منتقلی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔جب کوئی شخص اٹھارہ سال کی عمر تک پہنچ جاتا ہے کہ نادرا الیکشن کمیشن کو اس کی معلومات فراہم کرتی ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن ووٹ بنا تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ووٹ منتقل کرانا ہے تو وہ شخص الیکشن کمیشن کو درخواست دیتا ہے جس کے بعد ووٹ منتقل کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا ن لیگ کا ادارہ نہیں ہے ،یہ قومی ادارہ ہے جس کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے رہنما کی جانب سے نادرا پر تنقید سیاسی مقاصد کے لیے کی جا رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھے کہ ہار قبول کرنے میں بڑا پن ہوتاہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف گالی گلوچ کی سیاست کو ختم کردے کیو نکہ دنگے فساد والا ماحول کسی کے مفاد میں نہیں ہے ۔