خواجہ آصف کے بیان پر چوہدری نثار بھی بول اٹھے ،جی ایچ کیو سے رابطے کے لیے وزارت دفاع کی ضرورت نہیں :وزیر داخلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی کابینہ کے وزراءکے اختلافات روز بروز بڑھتے جارہے ہیں جنہیں چھپانا پارٹی قیادت کے لیے بھی نا ممکن ہو گیا ہے اور اب یہ اختلافات میڈ یا کی زینت بنتے جا رہے ہیں ۔ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ان کی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے چار سال سے بول چال بند ہے جس پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزارت دفاع کے محتاج نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو یا فوجی حکام سے رابطے کے لیے وزارت داخلہ کو وزارت دفاع کی ضرورت نہیں ہے کیو نکہ حکومت کے پہلے سال تو وزارت دفاع موجو د ہی نہیں تھی اور اس دوران جی ایچ کیو اور سول فورسز سے برا ہ راست رابطہ کیا جاتا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ابھی بھی جی ایچ کیو سے رابطے کے لیے وزارت دفاع کی طرف سے کوئی رکاوٹ پیش نہیں آتی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہمارے دوست دشمن کی زبان بولیں گے تو ردعمل ضرور آئے گا ۔