وزیر اعظم کی طرف سے فوجی جنرل کو گاڑی دیئے جانے سے متعلق الزام بے بنیاد ہے: ترجمان وزیر اعظم ہاؤس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے فوجی سپہ سالار کو گاڑی دیئے جانے سے متعلق بیان مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ ہے۔ میڈیا کو جاری بیان میں ترجمان نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سےکسی فوجی جنرل کو بی ایم ڈبلیو گاڑی دیئے جانے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ایسے جھوٹے بیانات دیتے ہوئے شرم آنی چاہیئے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سابق فوجی سربراہ کے بیان کو منفی سیاست کیلئے استعمال نہ کریں۔ واضح رہے عمران خان نے گڑھی شاہو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں الزام عائدکرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے فوجی جنرل کو گاڑی کی چابی بھیج کر خریدنے کی کوشش کی تاہم یہ الگ بات ہے کہ انہوں نے وہ چابی واپس کر دی تھی۔