گندم کی بروقت کاشت کیلئے کاشتکاروں کو بہتر منصوبہ بندی کی ہدایت
لاہور (کامرس رپورٹر) ماہرین زراعت نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے کیلئے بہتر منصوبہ بندی کی اہم ضرورت ہے لہٰذا اگر ہمارا کسان فصل کی کاشت کیلئے مناسب منصوبہ بندی اور محکمہ زراعت کے مشوروں پر سو فیصد عمل کرے تو پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں و کسانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے وسائل کے مطابق فصل کاشت کریں اور اگر انہیں فصل کی کاشت میں کسی مالی مشکل یا معاشی پریشانی کا سامنا ہو تو وہ زرعی ترقیاتی بینک سے ون ونڈو سکیم کے ذریعے آسان شرائط پر قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھیتی کاشت کیلئے شرح بیج میں اضافہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے بیج کا اگاؤ کم اور پودا جھاڑ کم بناتا ہے جس سے سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں۔ انہو ں نے بتا یا کہ شرح بیج میں اضافہ جڑی بوٹیوں کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
ا
نہوں نے بتایاکہ گندم کے پودے زیادہ ہونے سے جڑی بوٹیوں کو پھلنے پھولنے کا موقع نہیں ملتا ۔ انہوں نے بتا یا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد اور محکمہ زراعت کا عملہ کاشتکاروں کی معاونت کیلئے ہمہ وقت مستعد ہے لہٰذا ان کی خدمات سے کسی بھی وقت استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
