فرنیچر انڈسٹری کیلئے خلیجی ریاستوں میں بڑے مواقع موجود ، کاشف اشفاق
لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کیلئے برطانیہ، سری لنکا سمیت خلیجی ریاستوں میں بڑے مواقع موجود ہیں اور فرنیچر کی برآمدات میں تیزی لانے کیلئے دنیا بھر میں ترجیحی بنیادوں پر نئی نئی مارکیٹیں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات مقامی فرنیچر سازوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے میاں کاشف اشفاق سے پی ایف سی کے دفتر میں ملاقات کی۔ چیف ایگزیکٹو افسر نے کہا کہ پی ایف سی کے وفد کے حالیہ دورہ برطانیہ کا مقصد نئی مارکیٹیں تلاش کرنا تھا اور فرنیچر کی صنعت سے وابستہ یورپی کاروباری برادری سے روابط استوار کرنا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ان کا دورہ کامیاب رہا جس کے دوران انہوں نے فرنیچر کی مختلف مصنوعات کے جدید ترین ڈیزائنوں کے بارے میں بہت کچھ سیکھا اور فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کے مختلف پہلوؤں کا مطالعاتی جزئاہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو پی ایف سی نے کہاکہ انہوں نے دورہ کے دوران برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ سود مند ملاقاتیں کیں اور ان سے خاص طور پر فرنیچر کی صنعت میں دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے ذرائع اور طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے فرنیچر سازوں کے مقامی وفد کو بتایا کہ انہوں نے اپنے دورہ کے دوران بڑی بڑی معروف کمپنیوں اور فرنیچر درآمد کرنے والوں کو 10 ویں انٹرنیشنل انٹیریئر پاکستان نمائش میں شرکت کی دعوت دی جو لاہور میں 14 دسمبر سے ہوگی اور ان میں سے زیادہ تر کمپنیوں اور درآمدکنندگان نے اپنے سٹال لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ وفد کے اراکین نے بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے والی جدید ترین مہارتوں اور ہنرمندی کے بارے میں بھی تجربات کا تبادلہ کیا اور نئی تیکنیکس سیکھیں۔ کاشف اشفاق نے کہاکہ چھوٹے کاروباروں کی اپنی مخصوص مالی ضروریات اور تقاضے ہوتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی مارکیٹوں میں مسابقت کیلئے مالی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ غیر ملکی پاکستان کے کندہ کاری والے آرائشی فرنیچر کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ لہذا ہمیں بین الاقوامی نمائشوں میں باقاعدگی سے شرکت کر کے فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینا چاہئے اور یہ کام اسی صورت میں ہو سکتا ہے جب حکومت بھی پرعزم ہو۔ انہوں نے کہاکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کو فرنیچر کی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے سلسلہ میں فرنیچر کے برآمدکنندگان کی معاونت کرنی چاہئے۔
