ناقص انتظامات ، ڈبے کا دودھ بنانیوالی 2فیکٹری پر سیل ،6کوجرمانے ,14کونوٹس
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق ڈیری سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں پیکجنگ ملک انڈسٹری کی چیکنگ شروع کر دی۔ڈبے کا دودھ بنانے والے 27 پروڈکشن یونٹس کے معائنے کے دوران ناقص انتظامات کی بنیاد پر2 فیکٹریز کو سیل جبکہ 6کو جرمانے عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات کے پیشِ نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کھلے دودھ کے سا تھ ساتھ ڈبے والی دودھ کی بھی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آپریشنز ٹیموں نے صوبہ بھر میں پیکجنگ ملک انڈسٹری کی چیکنگ کے دوران ڈبے کا دودھ بنانے والے 27 پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ناقص انتظامات پرفیصل آباد اوررحیم یار خان میں موجود فیکٹریز کو سیل کر دیا۔علاوہ ازیں 6 فیکٹریز کو جرمانے عائد کر تے ہو ئے 14کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ قصور میں ایک، راولپنڈی میں 2 اور خانیوال میں 3 فیکٹریوں کو جرمانے عائدکیے گئے۔2فیکٹریز کو چیکنگ کر تے ہو ئے روک دیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ڈبے کے دودھ کے پروڈکشن طریقہ کار کو چیک کرنے کی ہدایات گزشتہ روزجاری کی گئی تھیں۔کمپنیوں کی خریدو فروخت کا ریکارڈ چیک کیا کہ جتنا دودھ بنایا جا رہا اتنا خریدا بھی گیا ہے یا نہیں۔ ریکارڈ میں کسی قسم کی دھوکہ دہی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔قانون کے مطابق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے برانڈز کی رجسٹریشن منسوخی کرنے کا ایکشن بھی لیا جا سکتا ہے۔
