مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کی پوری قیادت مستعفی
اسلام آباد (آئی این پی )آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد،چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری، سینیئرنائب صدر چوہدری اشرف ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کامران خان سمیت کئی اعلی عہدیداران اور پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی بڑی تعداد پارٹی عہدوں اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئی ہے۔اس بات کا اعلان ہفتہ کو آل پاکستان مسلم لیگ کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بعدڈاکٹر محمد امجد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کو سبوتاژ کرتے ہوئے غیر جمہوری طریقے سے ایک ایسے شخص کو پارٹی چیئرمین بنانے پر مجبور کیا گیا جس کا پارٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں رہا۔ ساتھ ہی چیئرمین اور چیف آرگنائزر کے استعفے منظور جبکہ سیکرٹری جنرل کا استعفیٰ نامنظور کرنے کے لئے مجبور کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔ آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے مطابق پارٹی راہ نما ں کا انتخاب سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کی تجویز پر سینٹرل ورکنگ کمیٹی کرتی ہے ۔ کمیٹی کے کچھ اراکین نے ہمارے استعفے نامنظور کرتے ہوئے پارٹی کے سرپرست اعلی سے بات کرنے کی تجویز کی ہے۔تاہم ہم اپنے استعفوں کے فیصلے پر بدستور قائم ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر سیدفقیر حسین بخاری،سینیئرنائب صدرچوہدری محمد اشرف،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کامران خان، بلوچستان کے صدر سرور پانیزئی، سندھ کے جنرل سیکرٹری پیرمیاں زبیرجنوبی پنجاب کے صدرڈاکٹر فرخ چیمہ کے پی کے کے صدر سرمیر خان، آزاد کشمیر کے صدر جاوید مغل، یوتھ ونگ کے صدر راجہ شاہد،شعبہ خواتین کی صدر محترمہ تقدیرہ اجمل شعبہ خواتین فیڈرل کیپیٹل کی صدر سیدہ فردوس نے بھی اپنے عہدوں اورپارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم سارے فساد کی جڑ ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے سرپرست اعلی پرویز مشرف کے کان بھرے ہیں جس پر پرویز مشرف پارٹی آئین کی پرواہ کئے بغیر غیر جمہوری اور غیر منصفانہ فیصلے کرنے پر تلے ہیں۔
