تازہ بھارتی دہشتگردی میں ایک اور کشمیری شہید مظاہرے روکنے کیلئے کرفیو نافذ

تازہ بھارتی دہشتگردی میں ایک اور کشمیری شہید مظاہرے روکنے کیلئے کرفیو نافذ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت ، قابض انتظامیہ نے مظاہرے روکنے کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ،نامعلوم افراد نے سوپور میں بھارتی پولیس اہلکار کو قتل کردیا،مقبوضہ کشمیر ،شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا انمول اثاثہ ہیں، حریت فورم،تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے شبیر احمد ڈار نامی نوجوان کوپلوامہ کے علاقے بابا گنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔بض انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے پلوامہ قصبے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ انتظامیہ نے ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں ایک بھارتی پولیس اہلکار کو قتل کر دیا۔ نامعلوم افراد نے سوپور کے علاقے وارپورہ میں پولیس اہلکار کے گھر میں گھس کر اس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس اہلکار کو فوری طو ر پر ایک نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔دریں اثنا ضلع پونچھ کے علاقے گلپور میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار لانس نائیک بوپیندر سنگھ اور ایک مزدور نذیر احمد زخمی ہو گئے ۔ علاوہ ازیں حریت فورم کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی حق خود ارادیت کی تحریک کو بدترین ریاستی دہشت گردی کے ذریعے دبانے کی بہیمانہ پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا کیونکہ کشمیریوں نے اپنی جدوجہد کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔ حریت فورم کے ترجمان نے منان وانی شہید اور ان کے ساتھی عاشق حسین زرگرشہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا انمول اثاثہ ہیں جسکی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی، کشمیری صرف اور صرف اپنا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت چاہتے ہیں ۔ترجمان نے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کی آڑ میں میر وعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک ، مختار احمد وازہ، انجینئر ہلال احمد وار اور دیگر حریت رہنماؤں ،کارکنوں اور بڑی تعداد میں عام کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی نظر بندی او ر گرفتاری، ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے،سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کو بار بار مقفل کر کے لوگوں کو یہاں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم اور انصاف پسند ملکوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا موثر نوٹس لیں۔ دریں اثناشبیر احمد ڈار کو اپنے آبائی علاقے سامبورہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے باعث نماز جنازہ تین مرتبہ ادا کی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -