پاکستان اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں ، چینی وزیراعظم

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں ، چینی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بیجنگ /دوشنبے (آئی این پی )چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہاہے کہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان سہ فریقی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔ چینی وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہارتاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے اعظم کی کونسل کے سربراہ اجلاس کے موقع پرملاقات کے دوران کیا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ چین افغانستان میں سیاسی مفاہمتی عمل اور افغانستان کی پرامن تعمیر نو میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ لی کی چیانگ نے افغانستان کو روایتی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور افغانستان اچھے پڑوسی ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین افغانستان میں دیرپا اور جلد امن کا خواہاں ہے تاکہ افغانستان ترقی کر سکے۔لی کی چیانگ نے کہا کہ چین افغان حکومت کی قومی سلامتی کی بالادستی اور استحکام کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ چینی وزیراعظم نے مزید کہاکہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائے گا ۔اس موقع پر افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے چین کی جانب سے افغانستان کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک چین کے ساتھ تجارت، معیشت، بجلی کی پیداوار، زراعت اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اس کے علاوہ افغانستان سہ فریقی تعاون فورم میں زیادہ متحرک کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔

مزید :

علاقائی -