طالبان ، افغان پولیس میں جھڑپیں ، فضائی آپریشن ،4اہلکار ،73جنگجو مارے گئے

طالبان ، افغان پولیس میں جھڑپیں ، فضائی آپریشن ،4اہلکار ،73جنگجو مارے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوہاٹ؍کابل(اٰین این آئی) افغانستان میں انتخابی جلسہ اور شادی کی تقریب میں دو بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 20 افغان شہری جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیکا میں طالبان عسکریت پسندوں اور افغان پولیس کے مابین شدید لڑائی میں 4 پولیس اہلکار اور73 عسکریت پسندمارے گئے۔ سرحدپار سے افغان میڈیا اور دیگر ذرائع سے ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاجکستان کی سرحد پر واقع افغان شمالی صوبہ تخار کے ضلع روستک میں ہفتہ کے روز ایک خاتون اْمیدوار نظیفہ بیگ کے انتخابی جلسہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خودکو دھماکہ سے اْڑادیا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افغان شہری جاں بحق جبکہ 30 سے زائد دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان خلیل آسیر نے واقعہ کی تصدیق کی ہے تاہم فوری طورپر کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔یادرہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انتخابی جلسوں پر یہ تیسرا خودکش دھماکہ ہوا ہے۔ادھر صوبہ لوگر کے ضلع محمدآغا کے علاقے سفیدسنگ میں ایک گھر میں شادی کی تقریب کے دوران بم پھٹنے سے 6 افغان شہری جاں بحق جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان شاہ پور احمدزئی کے مطابق گھر میں کسی نے پہلے سے بم نصب کررکھا تھا۔حکام نے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
دریں اثناء افغان میڈیا کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع صوبہ پکتیکا کے ضلع خوش مند میں سینکڑوں طالبان نے گزشتہ شب افغان پولیس کی چوکیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ صوبائی ترجمان شاہ محمدآریان کے مطابق اس حملہ کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے طالبان حملہ آوروں کے خلاف شدید مزاحمت کی اوردونوں فریقوں میں شدید لڑائی ہوئی۔ اس دوران عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی آپریشن کی مدد سے 73 عسکریت پسند مارے گئے جن میں 50 کی لاشیں ابھی تک پڑی ہیں۔ادھر طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پکتیکا کے ضلع خوش مند پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
افغانستان

مزید :

علاقائی -