ملزمان کی بریت، پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ اور پولیس افسران نے سر جوڑ لیے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سنگین مقدمات میں ملزمان کی بریت کے معاملے پر پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ اور پولیس افسران نے سر جوڑ لیے ہیں ۔ہفتہ کو کراچی میں پراسکیوٹر جنرل سندھ ایاز تنیو کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کراچی پولیس چیف امیر شیخ،ڈی آئی جی عامر فاروقی سمیت تمام زونس کے ڈی آئی جیز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔پراسکیوٹر جنرل کی جانب سے مقدمات کے تفتیشی افسران کی خراب کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ مقدمے میں تفتیشی افسران جو شواہد اور دستاویزات پیش کرتے ہیں اس پر ہی انحصار ہوتا ہے ۔اجلاس میں پولیس کی ناقص تفتیش اور ملزمان کی بریت کے حوالے غور کیا گیا ۔پولیس افسران کی جانب سے تفتیش بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پراسیکیوٹرز اور پولیس افسران سمیت تفتیش کاروں کے مابین رابطے مربوط بنا یا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پراسیکیوٹر جنرل جنرل کی زیر صدارت کراچی کے تمام ایس ایس پی کا اجلاس ہر ہفتے ، کراچی کے ڈی آئی جیز کااجلا س ہر 15روز بعد اور سندھ بھر کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کا اجلاس ہر ہوگا ۔اجلاسوں میں دہشت گردی سے منسلک مقدمات کی کارروائی کا جائزہ لیا جائے گا
