ضمنی انتخابات،سمندر پارپاکستانیوں کی پولنگ میں بھرپور دلچسپی ،5601نے ووٹ کاسٹ کیا،ویب سائٹ پر ہیکرز کے 12 ہزار حملے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان سمیت بیرون ملک بھی پولنگ کا عمل جاری ہے جس میں اوورسیز پاکستانی بھی بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق بیرون ملک رجسٹرڈ ووکٹوں کی تعداد7400 ہے جن میں سے5601ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے4587 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے1014 ووٹ کاسٹ ہوئے، الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ سب سے زیادہ ووٹ یو اے ای اور سعودی عرب میں ڈالے گئے ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق آن لائن ووٹنگ ویب سائٹ پرہیکرز کے بیک وقت 12 ہزارحملے ہوئے،نادراحکام نے اوورسیزویب سائٹ پرحملوں کوناکام بنادیا،7 گھنٹے پولنگ کے دوران ویب سائٹ ایک باربھی ڈاؤن نہیں ہوئی۔