این اے 131 ضمنی انتخاب،ن لیگ کا کارکن اغوا،خواجہ سعد رفیق سیخ پا

این اے 131 ضمنی انتخاب،ن لیگ کا کارکن اغوا،خواجہ سعد رفیق سیخ پا
این اے 131 ضمنی انتخاب،ن لیگ کا کارکن اغوا،خواجہ سعد رفیق سیخ پا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ان کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور میں ضمنی الیکشن کےلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس نشست پر خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔سعد رفیق نے حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی یقینی ہے، مہنگائی اور حکومتی منفی ہتھکنڈوں کے ردعمل میں ن لیگ کے ووٹرز گھروں سے نکلیں گے، پولنگ سٹیشن میں پولنگ بوتھ درست نہیں بنائے گئے ہیں جبکہ کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ حکومت انتقامی ہتھ کنڈوں پر اتر آئی، میرا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا، بھاگنے والا نہیں اور نہ پہلے کبھی بھاگا ہوں، حکومت خوف کا شکار ہے، حکومت جو مرضی کر لے حلقہ 131 میں جیت ن لیگ کی ہی ہوگی۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ 131 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ایک سرگرم کارکن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق چار ڈبل کیبن پک اپس پر سوار کالی وردیوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے مسلم لیگ ن لاہور کینٹ کے سرگرم رکن باؤ نعیم کو اغوا کیا ہے۔
واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے خبردار کیا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریاں اور اغوا جلتی پر تیل کا کام دیں گی۔