ضمنی انتخابات: کس نے کہاں ووٹ ڈالا؟
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مں ضمنی انتخابات 2018 میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 35 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں دوپہر 12 بجے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ عمران خان کا سلسلہ نمبر 478 ہے۔وزیراعظم اپنا ووٹ اظہر نصیر اسکول موہڑہ نور میں کاسٹ کریں گے جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے گجرات کے پولنگ اسٹیشن نمبر 305 میں ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کا ووٹرز باہر نکلے گا اور ہماری جیت ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی آزاد امید وار 50 سے زیادہ ووٹ لے لے تو مجھے شام کو پکڑ لینا۔ چوہدری شجاعت حسین نے پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک سرزمین کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی کے حلقہ این 243 میں حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پی ایس پی رہنما نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ انہوں نے آصف حسنین کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے پی اییس پی ووٹرز سے اپیل کی کہ باہر نکلیں اور ان کی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور این اے 243 سے امیدوار عامر چشتی نے بھی اپنے حلقے میں ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار اویس لغاری نے ڈیرہ غازی خان میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی عمل شفاف ہوا تو ان کی کامیابی یقینی ہے، اس بار بیلٹ بکسوں کی نگرانی آنکھیں کھلی رکھ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما غلام سرور نے ٹیکسلا میں ووٹ کاسٹ کیا۔ ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔