سینئر ترین جج اطہر من اللہ کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعیناتی پر غور
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری پر غور شروع کردیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ انور خان کاسی 27 نومبر کو ریٹائر ہوں گے۔ شوکت عزیز صدیقی کی معزولی کے بعد مختلف نام زیر غور آنے لگے ہیں۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق 2011 میں جج مقرر ہونے والے شوکت عزیز صدیقی سات سالہ تجربے کے ساتھ سینئر ترین جج تھے تاہم ان کی برطرفی کے بعد اس وقت چیف جسٹس کے بعد سینئر جج جسٹس اطہر من اللہ ہیں جنہیں چیف جسٹس ہائیکورٹ بنایاجاسکتا ہے۔سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے دور سے متعلقہ ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج ہی چیف جسٹس بنایاجاتا ہے۔
اخباری ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے جج کو بھی لایا جاسکتا ہے، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد کریم کے نام زیر غور آرہے ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک کا تقرر مارچ 2012ءجبکہ جسٹس شاہد کریم کا تقرر نومبر 2014ءمیں بطور جج لاہور ہائیکورٹ ہوا تھا، جسٹس اطہر من اللہ نے جون 2014ءجبکہ جسٹس عامر فاروق نے دسمبر 2014ءمیں بطور جج حلف اٹھایا تھا۔