ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ،الیکشن کمیشن کی گنتی مکمل ہونے تک پولنگ ایجنٹس کو باہر نہ نکالنے کی ہدایت، الیکشن نتائج 6بجے آنے کا امکان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیاہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق چھ بجے تک انتخابی نتائج آنے کا امکان ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو یہ بھی حکم دیا کہ گنتی کا عمل مکمل ہونے تک پولنگ ایجنٹس کو باہر نہ نکالا جائے، قانونی طورپر پولنگ ایجنٹس کے سامنے گنتی لازم ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا،پولنگ 35 حلقوں میں ہوئی جن میں قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقے شامل ہیں۔پولنگ کے دوران مجموعی طورپر امن و امان کی صورتحال برقراررہی، چند ایک پولنگ سٹیشنز پر مختلف جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آئے اور نعرہ بازی کرتے رہے۔
پنجاب میں قومی اسمبلی کی 8، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ایک ایک نشست پر انتخاب ہوا جب کہ پنجاب اسمبلی کی 11، خیبر پختونخوا کی 9، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی بھی 2 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ہوئی۔
92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لیے ساڑھے 7 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ مختلف حلقوں کے1727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔
قومی اسمبلی کی جن نشستوں پر پولنگ ہوئی ان میں این اے 35 بنوں، این اے 56 اٹک ، این اے 53 اسلام آباد، این اے 60 راولپنڈی، این اے 63 راولپنڈی، این اے 103 فیصل آباد، این اے 65 چکوال، این اے 69 گجرات، این اے 124، این اے 131 لاہور، این اے 243 کراچی شامل ہیں۔پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 اٹک، پی پی 27 جہلم، پی پی 103 فیصل آباد، پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ، پی پی 164، 165 لاہور، پی پی 201 ساہیوال، پی پی 222 ملتان، پی پی 261 رحیم یار خان، پی پی 272 مظفر گڑھ، پی پی 292 ڈی جی خان پر الیکشن ہوئے ہیں۔
سندھ میں پی ایس 30 خیرپور اور پی ایس 87 ملیر کراچی جبکہ بلوچستان میں پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدار میں ضمنی انتخاب ہواجبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشستوں پی کے 3 اور پی کے 7 سوات، پی کے 44 صوابی، پی کے 53 مردان، پی کے 61 اور 64 نوشہرہ، پی کے 78 پشاور، پی کے 97 اور 99 ڈی آئی خان میں رائے شماری کے بعد فیصلے کا انتظار ہے۔