”اگر نتائج میں ردو بدل کیا تو ۔۔۔“این اے 131سے مکمل نتائج سامنے آنے سے پہلی ہی خواجہ سعد رفیق نے انتہائی متنازعہ بیان دے دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 131سے لیگی امید وار خواجہ سعد رفیق نے مکمل نتائج آنے سے پہلے ہی اپنی جیت کا اعلان کردیا ۔
تفصیل کے مطابق والٹن میں ن لیگ کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 131سے موصول نتائج کے بعد ن لیگ کو برتری حاصل ہے ،میں 2800ووٹوں سے الیکشن جیت چکا ہوں ،اب اگر نتائج میں ردو بدل کیا گیا تو سخت احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس بار سینہ زوری چلے گی نہ دھاندلی ،نتائج فوراً پولنگ ایجنٹوں کے حوالے کیے جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نتائج میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے ۔
نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق جس وقت خواجہ سعد رفیق نے اپنی جیت کا اعلان کیا تو اس وقت تک این اے 131سے 53فیصد نتائج سامنے آئے جس کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے امید وار ہمایوں اختر میں کانٹے دار مقابلہ ہے۔
