پی پی 222 ملتان ، مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امید وار قاسم خان لنگاہ نے تحریک انصاف کو شکست دے دی
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن)پی پی222 کا نتیجہ منظر عام پر آگیا، غیر حتمی غیر سر کاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سردار قاسم عباس خان لنگاہ نے 38327ووٹ لے کر تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست دے دی ہے ۔
نجی ٹی وی ’’ جیو نیوز ‘‘ کے مطابق ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آ زاد امیدوار سردار قاسم خان لنگاہ نے پنجا ب اسمبلی کے حلقے پی پی 222کے تمام 139پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار کو 6434ووٹ سے شکست دے دی ہے۔رپورٹ کے مطابق ضمنی الیکشن میں قاسم عباس خان لنگاہ نے 38327ووٹ لئے جبکہ پی ٹی آئی کے رانا سہیل احمد نون 31893ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر جبکہ ایک اور آزاد امیدوارشازیہ کھاکھی18242ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔سردار قاسم خان لنگاہ کی جیت کی خوشی میں ان کے ساتھیوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ڈیرے پر جمع ہو گئی ہے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور جشن منایا جا رہا ہے جبکہ اس موقع پر آتش بازی بھی کی گئی ۔واضح رہے کہ اس حلقے سے عام انتخابات2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ملک غلام عباس نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم وہ حلف اٹھانے سے پہلے ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے ، ملک غلام عباس کھاکھی نے 47521 ووٹ حاصل کئے تھے ۔اس حلقے میں ٹکٹ کی تقسیم پر پاکستان تحریک انصاف میں شدید اختلاف پایا جاتا تھا جبکہ ملک غلام عباس کھاکھی مرحوم کی بیوہ شازیہ نرگس کھاکھی بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہی تھیں جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا ووٹ تقسیم ہو گیا اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار قاسم عباس خان لنگاہ نے با آسانی کامیابی حاصل کر لی۔