اپوزیشن تقسیم‘ فضل الرحمن ایوان میں آنے کیلئے مارچ کررہے ہیں‘ زین قریشی

  اپوزیشن تقسیم‘ فضل الرحمن ایوان میں آنے کیلئے مارچ کررہے ہیں‘ زین قریشی

  



ملتان(نیوز رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے پر اپوزیشن تقسیم ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ ابو بچاؤ اور جبکہ مولانا فضل الرحمن ایوان میں لاؤ کے لیے دھرنا کررہے ہیں۔ در اصل ذاتی مفادات کیلئے (بقیہ نمبر42صفحہ7پر)

مولانا گٹھ جوڑ کررہے ہیں۔ مولانا کسی مذہبی ایجنڈے پر نہیں کسی عوامی ایشو پر نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنے ذاتی مفاد کیلئے ملک اور قوم کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں۔ عوام انہیں بری طرح مسترد کریں گے اور دھرنا بری طرح ناکام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 ملتان کے پی پی 218 کی مختلف یونینکونسلوں اور وارڈوں کے دورہ کے دوران کیا۔ مختلف وفود سے ملاقات اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں‘ ملک شہران را ں‘ملک شمس راں‘رانا ندیم‘ اقبال سہو‘ رانا شوکت اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔ جس کی واضح مثال گزشتہ روز جے یو آئی کا کوئٹہ میں دھرنا تھا۔ جو بری طرح ناکام رہا۔ انہوں نے پہلے 27اکتوبر کو دھرنے کی کال دی اور اب 31اکتوبر کو دھرنے کی کال دی ہے۔ اور انشاء اللہ پاکستان کے جمہوریت پسند عوام انہیں بری طرح مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت کا صحت کارڈ پروگرام‘ غربت کے خاتمے کیلئے احساس پروگرام‘ اپنا گھر سکیم‘ شیلٹر ہوم جیسے اقدامات تاریخی اقدامات ہیں۔ جن کی تکمیل سے پاکستان کی عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ عوام کی محرومیو ں کا خاتمہ ہوگا اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا عمران خان جو کہتے ہیں وہ کر جاتے ہیں۔ان کا ماضی اس بات کا گواہ ہے جو انہوں نے کہا وہ کر کے دکھایا۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ ملک سے غربت کا خاتمہ‘میرٹ کا فروغ‘ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی‘ لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی عمران خان کا ویژن ہے اور انشاء اللہ عوام پانچ سال کے اندار ملک میں تبدیلی محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کو پسماندہ رکھا گیا۔ یہاں کے وسائل کو دوسرے اضلاع میں منتقل کیا گیا۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔ سالانہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ بجٹ مختص کیا گیاہے۔ جو صرف جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہونگے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے ہماری درخواست پر ملتان کی ترقی کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج بنانے کا اعلان کیا ہے اور ملتان انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ ملتان کے لیے ترقیاتی پیکیج بنایا جائے۔ جس پر کام شروع ہوگیا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ملتان کی ترقی کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا جلد ہی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے یونین کونسل متی تل‘ قادر راں‘ ٹاٹے پور‘موضع شیر سنگھ‘سمیت مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہ پر گئے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی‘ مختلف قل خوانیوں میں شریک ہوئے۔ مختلف وفود سے ملاقات کی‘ ان کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی یونین کونسل خان پور مڑل چک 9ایم آر ارائیں برادری کی رہائش گاہ پر گئے جہاں کچھ روز قبل ڈکیتی کی واردات اور ذیادتی کا افسوس ناک واقعہ رونما ہوا تھا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے اس موقع پر سی پی او ملتان کو فون کیا اور تفتیش بارے مکمل تفصیلات پوچھیں۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات کی کہ اس سانحہ کے ملزمان کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے یونین کونسل موضع شیر سنگھ میں سولنگ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر معززین علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

زین قریشی

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...