آزادی مارچ پر تمام اپوزیشن متفق ہے: مفتی کفایت اللہ

آزادی مارچ پر تمام اپوزیشن متفق ہے: مفتی کفایت اللہ

  



صوابی(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور سابق ایم ایم اے حکومت کے صوبائی تر جمان مولانا مفتی کفایت اللہ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والا آزادی مارچ کا انعقاد بلکل یقینی ہے اور اس میں کسی قسم کا شک نہیں اتوار کو سابق ضلعی تر جمان صوابی مولانا محمد ہارون حنفی کے ساتھ ان کی دادی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کر تے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں جے یو آئی کے آزادی ملین مارچ کے حوالے سے بلکل متفق و متحد ہے۔ مولانا فضل الرحمن کا پاکستانی قوم پر جو احسان ہے وہ آج بلکل سامنے آیا ہے اس وقت پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لوگ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے انتہائی تنگ آچکے ہیں بد ترین مہنگائی، کرپشن، بے روزگاری اور بد امنی نے ملک کے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات میں دھاندلی ہو کر جعلی طریقے سے حکومت بن جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں عوام حکمرانی کے حق سے محروم ہو تے ہیں تو مجبوراً قوم کو پُر امن احتجاج کرنی پڑتی ہے اس لئے جے یو آئی کا احتجاج صرف اس جماعت کا نہیں بلکہ سارے پاکستان کے عوا م کا ہے اس میں ملک بھر کے عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کرینگے۔ یہ پر امن اور آئینی احتجاج ہو گا انہوں نے واضح کر دیا کہ اگر حکومت نے اس پر امن احتجاج کو روکنے کے لئے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو ہم بھی اس طرح تیار ہے جس طرح حکومت قدم اُٹھائے گی ویسے تو عمران خان نے جے یو آئی کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی تھی اس لئے جے یو آئی اسلام آباد میں عمران خان کے مہمان ہونگے جب کہ عمران خان خود کارکنان جمعیت کے میزبان ہونگے۔ جے یو آئی کے مرکزی رہنما اشفاق اللہ خان، مفتی نوید، مولانا عبدالقہار مظہری، مولانا محمد ابراہیم مظہری، قاری محمد پذیر، مولانا ممتاز علی اور دیگر علماء و کارکنان جمعیت بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...