نیشنل ٹی 20کپ سکینڈ الیون ٹورنامنٹ، بلوچستان اور سندھ نے میچز جیت لئے 

نیشنل ٹی 20کپ سکینڈ الیون ٹورنامنٹ، بلوچستان اور سندھ نے میچز جیت لئے 

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں بلوچستان  نے سنسنی خیزمقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو شکست دیدی،میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 9وکٹوں سے شکست دے دی۔اتوارکونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا  نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان  نے اوپنر گلریز صدف اور مڈل آرڈر بیٹسمین اکبر الرحمن کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 178رنز بنائے۔ گلریز صدف نے 58گیندوں پر 75رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ 49گیندوں کا سامنا کرنے والے اکبر الرحمن  نے 4 چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے ثمین  گل  نے 29رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں 62 کے مجموعی اسکور پرخیبرپختونخوا کے 3کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تاہم اعتزاز حبیب خان کی 49گیندوں پر 70رنز کی جارحانہ اننگز  خیبرپختونخوا کو میچ میں واپس لے آئی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کی اننگز میں 10چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں مہران ابراہیم کے 39قیمتی رنز کی بدولت خیبرپختونخوا  نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178رنز بنا کر میچ ٹائی کردیا۔ بلوچستان کے تاج ولی اور ابتسام شیخ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ اسکور برابر ہونے کے باعث میچ کا فیصلہ سپر اوور پر کیا گیا۔ سپر اوور میں خیبرپختونخوا کے بلے باز بلوچستان کے میڈیم پیسر خرم شہزاد کی بالنگ کے سامنے بے بس دیکھائی دئیے اور 6 گیندوں پر صرف 6 رنز ہی بناسکے۔ جواب میں بلوچستان  نے اوور کی پانچویں گیند پربغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 9وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کی جانب سے جاہدعلی نے ناقابل شکست 70اور عماد عالم نے دھواں دھار 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ محمد اخلاق نے 31 گیندوں پر3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ عثمان صلاح الدین 41 رنز بنا کر سنٹرل پنجاب کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ کی جانب سے محمد سمیع، غلام مدثر اور حسان خان  نے 1،1 کھلاڑی کو آٹ کیا۔ جواب میں سندھ  نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے  نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنرز جاہد علی اور عماد عالم کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جاہد علی 49 گیندوں پر 70 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ عماد عالم  نے 38 گیندوں پر 69 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز  نے میچ میں مشترکہ طور پر 18 چوکے  اور 4 چھکے  لگائے۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے واحد وکٹ رضا علی ڈار نے حاصل کی۔ایونٹ میں پیر کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ناردرن اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...