حکومتی نااہلی مولانا کو دھرنے کا جواز فراہم کر چکی ہے ، محمد علی درانی

     حکومتی نااہلی مولانا کو دھرنے کا جواز فراہم کر چکی ہے ، محمد علی درانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)دھرنا حکومتی نااہلی پر بروقت اسٹروک ہے، گیند باونڈری پار بھی کر سکتی ہے کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے،امریکہ نے طالبان کو گود میں بٹھاکر افغانستان کی حکومت کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے،گزشتہ حکومت میں سی پیک منصوبہ کوپنجاب کیلئے زیادہ فائدہ مند بنایا گیا،یونیفائیڈ میڈیا کلب کی فکری نشست میں سابق وفاقی وزیرمحمدعلی درانی کا اظہارخیال،یونیفائیڈ میڈیا کلب کے تھنکرز فورم کی فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا کہ معاشی  ابتری اور بدترین مہنگائی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے،حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے، حکومتی نااہلی مولانا کو دھرنے کا جواز فراہم کر چکی ہے،دھرنا عوامی امنگوں کا ترجمان بن سکتا ہے۔مولانا فضل الرحمان حکومتی رکاوٹوں کے باوجود ایک لاکھ افراد اکٹھے کر سکتے ہیں۔ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ دنیا میں اس وقت انسانی  حقوق کی بدترین پامالی  مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہے،  تمام عالمی طاقتوں اور انصاف پسند قوتوں کو ملکر کشمیر میں مارشل لا ختم کروانا چاہیے۔


،  انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں میں بھارت کے ایٹم بم کا کوئی خوف نہیں۔ مودی نے بھارت کا سیکولر چہرہ داغدار کر دیا ہے، مغربی طاقتیں پاکستان اور  بھارت میں کشیدگی  برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔  محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ کشمیر کا بہترین حل صرف اقوام متحدہ کی قرادادوں میں ہے،مگر یہ مسئلہ اقوام متحدہ کے چیپٹر ۷ سے حل ہو گا، اقوام متحدہ کا بھی دہرامعیار ہے، جہاں مسئلے کا فوری حل مطلوب ہو اسے چیپٹر سات کے ذریعے حل کر لیتے ہیں جہاں معاملہ لٹکانا ہو اسے چیپٹر ۶ میں ڈال لیتے ہیں۔ فکری نشست میں یونیفائید میڈیا کلب کے صدر محمد حسان،ساجد ناموس، عثمان شاہد، سید علی عمران، احمد ابوبکر، آمنہ منور قریشی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے اینکرز،پروڈیوسرز اور رپورٹرز نے شرکت کی۔