حکومت آزادی مارچ سے خوفزدہ ہے نہ اسے کوئی خطرہ،ہمایوں اختر

حکومت آزادی مارچ سے خوفزدہ ہے نہ اسے کوئی خطرہ،ہمایوں اختر

  



لاہور(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادی مارچ سے خوفزدہ ہے اور نہ اسے کوئی خطرہ ہے البتہ تحریک چلانے کیلئے ایک دوسرے کا سہارا ڈھونڈے والی اپوزیشن جماعتیں اپنی ناکامی کی وجہ سے ضرور تذبذب کا شکارہے، خطوط کے ذریعے رابطوں اور اعلیٰ سطحی اجلاس میں مرکزی رہنماؤں کی عدم شمولیت سے واضح ہے کہ (ن) لیگ میں دراڑیں پڑ چکی ہیں،ملک کو مافیاز سے چھٹکارا مل رہا ہے اور انشا اللہ انہیں دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی دانائی کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو اپنے پیچھے لگا لیا ہے لیکن دونوں جماعتوں کے کارکنان پیچھے جانے کیلئے تیار نہیں۔

جے یو آئی (ف) اور ان کا ساتھ دینے والی جماعتیں ابھی تک قوم کو یہ جواز نہیں بتا سکی ہیں کہ وہ کن مقاصد کیلئے وفاقی دارالحکومت پر ہلہ بولنے کی منصوبہ بندی اور تیاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان انتہائی جرات سے مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور حکومت بہت جلد ملک کو بھنور سے نکال لے گی۔ مافیاز سے بھی چھٹکارا مل رہا ہے اور انشا اللہ انہیں دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک کی قسمت کو کھوٹا کرنے کیلئے تدبیریں کرنے والے ناکام اور نا مراد رہیں گے اور ان کی منفی سر گرمیوں سے ان کی رہی سہی سیاست کابھی جنازہ نکل جائے گا۔ موجودہ حالات میں جب ملک کو اتحاداور یکجہتی کی ضرورت ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کیلئے نفاق کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔سیاسی بیروزگاری کا دورانیہ طویل ہونے کی وجہ سے ان کی حالت قابل رحم ہے۔ انہوں نے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے جلد متعلقہ محکموں کے ذمہ داران سے ملاقات کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...