سندھ حکومت صفائی مہم میں بری طرح ناکام، متحدہ ہماری اتحادی، میئر کراچی کو اختیارات دیئے جائیں: عمران اسماعیل

  سندھ حکومت صفائی مہم میں بری طرح ناکام، متحدہ ہماری اتحادی، میئر کراچی کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی،آن لائن) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے متعلق فواد چوہدری کی بات سے پی ٹی آئی اورایم کیو ایم کے درمیان ماحول خراب ہوا ہے تاہم متحدہ ہماری اتحادی ہے اور رہے گی،اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے کراچی کو سیف سٹی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، کراچی میں سٹریٹ کرائمز پھر بڑھ گئے ہیں، کراچی میں کچرے کی بات کرتا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مکمل طور پر ناکام ہوا ہے۔شوکت خانم اسپتال کی تعمیر سے سندھ کی عوام کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ اس وقت شوکت خانم اسپتال سے 80فیصد مریضوں کو بلامعاوضہ علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیوی بائیک چلا کر ریلی کا سی ویو سے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ریلی رائڈ فار کاز پاکستان کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی کے لیے منعقد کی گئی، ریلی میں 250 سے زائد مختلف اقسام کی ہیوی بیکرز نے شرکت کی،ہیوی بائیکرز نے 25 لاکھ روپے بطور عطیہ دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں کچھ نہیں چل رہا، خواجہ اظہار سے کل بات ہوئی، فواد چوہدری نے جو بات کی اس سے ماحول خراب ہوا، وزیراعظم سے بات کریں گے اور اس سے ہمارا اتحاد متاثر نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کا جلد صفایا ہوجائے گا، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ جس پر ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم ایک مرتبہ پھر بڑھ گیا ہے لیکن آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی اسٹریٹ کرائم کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئیر کی ذمہ داری شہر کی صفائی اورکچرا اٹھانا ہے اس ضمن میں میئر کو اس کے اختیارات دیئے جائیں۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے تیئس رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔ بریگیڈیئر خالد عبدالحسین حسن کی قیادت میں عراقی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، وار اینڈ اسٹاف کالج کے 23 رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عراق میں موجود مذہبی مقامات ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہیں۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے عراق جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فوجی اور اقتصادی تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر سندھ


عمران اسماعیل

مزید :

صفحہ آخر -