عثمان بزدار کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلشن شپ قائم ہے، پرویز اِلٰہی

عثمان بزدار کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلشن شپ قائم ہے، پرویز اِلٰہی

  



اوکاڑہ (آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز اِلٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلشن شپ قائم ہے، ہم نے ماضی میں بھی عوام کی عملی خدمت کی ہے اور اب بھی میوچل کوآرڈینیشن سے عوام کو ہر سطح پر ریلیف پہنچا رہے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ق) اوکاڑہ کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔چوہدری پرویز اِلٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں ہر شعبہ ائے زندگی میں نئی اصطلاحات متعارف کروائیں اور اب بھی اس اتحادی حکومت ہر سطح پر عوام کی خدمت کے لئے کام کررہے ہیں۔ عوام کی فلاح وبہبود، تعمیروترقی، خوشحالی،روزگاراور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعاون سے بھرپور کام کررہے ہیں۔ہمارا منشور عوامی بھلائی ہے اور ہم نے ہر دور میں وہ اقدامات اٹھائے ہیں جن سے غریب، محنت کش، مزدوروں اور عام آدمی کو فائدہ ہوا ہے۔پنجاب میں ہمارے دور کے جو بند منصوبہ جات تھے انہیں ہم اب پوری توجہ کے ساتھ عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ہمارا مقصد صوبہ میں زراعت کی ترقی اور کسان کی خوشحالی ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہردور میں ہمارے خیرخواہوں نے ہمیں پذیرائی بخشی ہے اور ہم نے بھی انہیں اپنے خاندان کی طرح سمجھا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور و مقصد عام اور غریب آدمی کی خدمت اور اولین ترجیح پسماندہ طبقوں و علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ ہے۔ وہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل چودھری ذوالفقار احمد سندھو کی قیادت میں وکلاء کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں چودھری طاہر محمود، حافظ اللہ دتہ کاشف، اطہر حسین بخاری، عظیم الحق پیرزادہ، چودھری محمد افضل، شاہد سندھو، چودھری دلدار پرویز، شیخ تنویر احمد، چودھری سلمان صادق، سعید محمد شاہ، چودھری عبدالوحید اور حسن سندھو ایڈووکیٹ شامل تھے۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور جنوبی پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ کئے گئے عوامی فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان کے عوام کی محرومیوں کو اپنے دور میں ختم کرنے، کارڈیالوجی ہسپتال، ڈینٹل کالج، برن سنٹر، چلڈرن ہسپتال کے قیام پرشکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو آپ نے ختم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے اور اسی مقصد کیلئے مثالی فوری، مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملتا ہے ہم ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو حل کرتے ہیں، آئندہ بھی ہماری کوشش ہے کہ پنجاب کے عوام کو صحت، تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

 پرویز اِلٰہی

مزید : صفحہ آخر


loading...