یوسف رضا گیلانی‘ سید عبدالقادر اور علی حیدر کی سکندر بوسن سے ملاقات

یوسف رضا گیلانی‘ سید عبدالقادر اور علی حیدر کی سکندر بوسن سے ملاقات

  



ملتان(سپیشل رپورٹر)سیاسی مخالفت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سابق وزیرِاعظم سیدیوسف رضا گیلانی اپنے صاحبزادوں سید عبدالقادر گیلانی، سید علی حیدر گیلانی کے ہمراہ اپنے سیاسی حریف حاجی سکندر حیات بوسن کی رہائش پہنچ گئے،سابق وزیرِاعظم اور انکے صاحبزادوں نے حاجی سکندر سے ملاقات انکی عیادت کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحتیابی کیلئے دعائے خیر بھی کی۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حاجی سکندر حیات بوسن صرف ملتان کی عوام کے لئے ہی نہیں بلکہ وہ ملک وقوم کا اثاثہ ہیں یہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اللہ تعالی ٰ نے انہیں صحت یابی عطافرمائی اور اللہ تعالی ٰ ان کے خاندان کو آباد و شاد رکھے۔اس موقع پر موجود اکابرین علاقہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نہ صرف ایک نایاب سیاستدان ہیں بلکہ ایک اعلیٰ ظرف اور انسانیت پرست وسیع سیاسی بصیرت رکھنے والی شخصیت بھی ہیں، یہی درس انہوں نے اپنے صاحبزادوں کو دیا ہے، یہ انکی تربیت ہی ہے کہ جسکی بدولت انکے صاحبزادوں کا شمار صرف اچھے نہیں اعلیٰ ظرف اور انسانیت پرست سیاستدانوں میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے سیاسی حریف کی عیادت کیلئے خود چل کر آئے ہیں۔حاجی سکندر حیات بوسن نے سید یوسف رضا گیلانی کی ان کی رہائش گاہ آمد پر ان کا آگے بڑھ کر استقبال کیا جبکہ دونوں سیاستدانوں میں اکابرین علاقہ کی موجودگی میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...