ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز،تعمیرات کیلئے جگہ مختص

  ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز،تعمیرات کیلئے جگہ مختص

  



لاہور(این این آئی) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغازکردیا گیا۔اس حوالے سے حکومت پنجاب نے مدنی چوک پر سرکاری اراضی کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے مختص کردیا۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے ملتان میں منصوبے کی مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور محکمہ ہاؤسنگ سے تفصیلی بریفننگ لی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت مستحق افراد کو اپنی چھت کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے سہ منزلہ فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملتان میں ابتدائی طور پر جدید طرز کے فلیٹس کو 30 لاکھ مالیت میں آسان اقساط پر دیا جائے گا اور مدنی چوک پر 23 کنال سے زائد اراضی پر 384 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سکیم میں مسجد،چاردیواری، پارک اور جدید ہیلتھ سنٹر بھی قائم کیا جائے گا حکومت پنجاب کی جانب سے رواں برس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹیز کا اعلان کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ مظفرگڑھ روڈ پر بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا آغاز کیا جائے گا جہاں کم آمدنی والا ہر شہری اپنے گھر کیلئے درخواست دے سکتا ہے- لودھراں میں کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے سکیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 7 بڑے شہروں میں دو لاکھ گھروں کی تعمیر کا آغاز ایک برس میں کردیا جائے گا۔حکومت نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں نجی سیکٹر کو بھی شامل کررہی ہے۔

ہاؤسنگ پرا جیکٹ

مزید : صفحہ آخر


loading...