احتساب کا عمل نہیں رکے گا، قومی وسائل لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا: عثمان بزدار

    احتساب کا عمل نہیں رکے گا، قومی وسائل لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا: عثمان ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ایک برس کے دوران عام آدمی کی فلاح کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں - احساس پروگرام، کم لاگت ہاؤسنگ سکیم، پناہ گاہیں اور صحت انصاف کارڈ جیسے بڑے پروگرام عام آدمی کیلئے ہیں -سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنایا گیا ہے -انہوں نے کہا کہ ماضی کی لوٹ مار اور کرپشن کے باعث ملک کی معیشت تباہ ہوئی - سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت کا دیوالیہ نکل گیا تھا- انہوں نے کہا کہ خراب معاشی صورتحال کو ایک سال کی انتھک محنت کے باعث درست سمت کی جانب گامزن کیا گیا ہے اور حکومت کے معیشت کی مضبوطی کے لئے کئے گئے سخت فیصلے بار آور ثابت ہو رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ بلا خوف قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو اب بلا امتیاز احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا- کرپٹ ٹولے سے لوٹی ہوئی دولت واپس لینا ہر پاکستانی کی آواز ہے اور احتساب کا عمل رکے گا نہیں، قومی وسائل لوٹنے والوں کو حساب دینا ہو گا- عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔پاکستانی اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان کی حکومت اور عوام چٹان کی طرح مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانیت دم توڑ رہی ہے، اقوام عالم کو انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ سے مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیراعلیٰ فرداً فرداً لوگوں کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔عام آدمی کے مسائل حل کرنا میرا مشن ہے اور فرض بھی۔ہماری نیت صاف اور توجہ کا مرکز عام آدمی ہے۔ میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد کے 6 سالہ بچے عبداللہ کے مرض کے بارے میں جیو نیوز پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے  محکمہ صحت کے حکام کو عبداللہ کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 سالہ عبداللہ کی بیماری کا علاج سرکاری سطح پر کرایا جائے گا اور علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ کے مرض کا علاج جہاں بھی ممکن ہوا، کرائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے حاصل پور کے رہائشی بچے واجد کی آنکھوں کی پیچیدہ بیماری کا علاج سرکاری سطح پر کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی آنکھوں کے علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو بچے کے علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو واجد کی آنکھوں کا معائنہ کرے گا اور علاج معالجے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گا۔

عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...