نواز شریف کے خط کو انکا بھائی ماننے کیلئے تیار نہیں، عمران خان لٹیروں کو انکی اصل جگہ پہنچا ئینگے: فردوس عاشق

  نواز شریف کے خط کو انکا بھائی ماننے کیلئے تیار نہیں، عمران خان لٹیروں کو ...

  



سیالکوٹ،اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ عمران خان دنیا کے مقبول لیڈر ہیں، مخالفین گمراہ کرنے کیلئے مہنگائی کا پروپیگنڈا کررہے ہیں،مولانا فضل الرحمن کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں، انہیں ملک کی نہیں ہر وقت حلوے کی فکر رہتی ہے،عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا، دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے،نواز شریف کے خط کوان کا بھائی ما ننے کیلئے تیار نہیں ہے، لٹیروں کو ان کی اصل جگہ پہنچانے کا دعدہ پورا کریں گے۔  سیالکوٹ کے علاقے ڈھلم غازی میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام تک سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، غریبوں نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر عمران خان کو ووٹ دئیے ہیں، اس علاقے کے لوگ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، سی پیک منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہونگے کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ چین کے دوران سی پیک اتھارٹی کے تحت متعدد معاہدے کیے ہیں جن میں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار فراہمی کی ضمانت دی گئی ہے۔سی پیک منصوبے کے تحت اکنامک زونز بن رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا، انہوں نے ایون فیلڈ سمیت اپنے بچوں کی خوشیوں کے لئے قوم کے بچوں کی خوشیوں کو قربان کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوان طبقے کی فلاح کیلئے سرگرم عمل ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے ملکی خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔فردوس نے کہا کہ آپ کے خط میں جو لکھا ہے وہ آپ کے بھائی بھی ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں، آپ ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں آپ وزیراعظم ہوں اور آپ کا بھائی وزیراعلی ہو، اس کے علاوہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو آپ نہیں مانتے۔وزیراعظم عمران خان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کے ذریعے جمہوریت کو طاقتور اور پارلیمنٹ کو بااختیار بنائیں گے۔ عوام کی طاقت سے پاکستان بدلے گا، گلے سڑے نظام سے نجات ملے گی اور پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔دوسری طرف اپنی ایک ٹویٹ میں فردو س عاشق نے کہا کہ عمران خان کا دورہ ایران خلیج میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا،عمران خان دنیا بھر میں روشن پاکستان کا چہرہ متعارف کرا رہے ہیں، اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر ایک عالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کا کردار وزیراعظم کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

فردوس عاشق

مزید : صفحہ اول


loading...