وزیراعلٰی سندھ کا شہر قائد کے مختلف علاقوں کا دورہ صفائی مہم کا جائزہ لیا
کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کچرے کو کچرا کنڈیوں میں ڈالیں،وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے اتوارکی صبح شہرقائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااورصفائی مہم کا جائزہ لیا۔ کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی، انہوں نے موبائل مارکیٹ کے سامنے کچرے اور ملبے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کمشنر کو ہدایت کی کہ دی کہ روڈ پر ڈسٹ بن رکھوائیں، پہلے دکانداروں کو سمجھائیں، اگر نہ مانیں تو جرمانہ عائد کریں۔وزیراعلی سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر سعید غنی اور مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلی نے منگھوپیر روڈ پر ڈگری کالج کے سامنے ڈمپنگ پوائنٹ بنانے پر برہمی کا اظہار کیا جس پر بتایا گیا کہ ڈگری کالج کافی عرصے سے بند ہے۔ وزیراعلی نے کالج کے بند ہونے کا بھی نوٹس لے لیا۔ مراد علی شاہ نے ضلع جنوبی،ملیر اور کورنگی کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلی نے کورنگی کاز وے پر صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا اور نیم کا پودا بھی لگایا۔انھوں نے کورنگی اللہ والا سوسائٹی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا، شہریوں نے صفائی کروانے پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔مراد علی شاہ نے بھٹائی کالونی میں عوام سے کہا کہ وہ کچرا کنڈیوں کے باہر کچرا نہ پھینکیں، عوام بھی شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلی نے شاہ فیصل، ملیر، جعفر طیار، ملیر، بکڑا پیڑی، کورنگی اللہ والا ٹاون، کازوے کا دورہ کیا اور افسران کو صفائی مہم کے حوالے سے ہدایات دیں۔ ملیر بکرا پیڑی روڈ پر زیر تعمیر عمارت کا ملبہ سڑک پر پھینکنے پر برہمی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک عوام کیلئے ہے، کنسٹرکشن مٹیریل پھینکنے کیلئے نہیں۔ کچھ افسران کو فارغ کروں گا تو آپ کو سمجھ آئے گی۔مراد علی شاہ نے ضلع غربی مومن آباد جی ٹی ایس کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے جی ٹی ایس جلد خالی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔وزیراعلی نے صدر موبائل مارکیٹ پر کچرے کی موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کچرا پھینکنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعلی سندھ