ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس آج سے پیرس میں شروع ہوگا
پیرس(نیوزایجنسیاں)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا (ایف اے ٹی ایف) کا اہم اجلاس آج (پیر)سے پیرس میں شروع ہو رہا ہے جس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خاتمے کیلئے کیے گئے پاکستان کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔پاکستان کا ایک وفد اقتصادی امور کے وفاقی وزیر حماد اظہر کی قیادت میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں شرکت کر کے اجلاس کو آگاہ کرے گا. وفد میں وزارت خارجہ، خزانہ، اور داخلہ کے حکام شامل ہیں۔پچھلے 12 ماہ کے دوران پاکستان نے دہشت گری کے لیے مالی اعانت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے تیزی سے کام کیا ہے۔ پاکستان نے ہْنڈی،حوالہ اور دیگر غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل روکنے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترامیم کر کے انہیں سخت بنا دیا گیا ہے۔ پاکستان نے ٹیرر فنانسنگ اور انسداد دہشت گردی کی مد میں نمایاں اقدامات کئے ہیں۔اجلاس میں پاکستان کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایف اے ٹی ایف