"ٹیسٹ کیلئے نہیں آنا چاہتے تو بیرون ملک کھیلنے کے اخراجات اٹھائیں" پی سی بی نے سری لنکا کو پیغام پہنچا دیا

"ٹیسٹ کیلئے نہیں آنا چاہتے تو بیرون ملک کھیلنے کے اخراجات اٹھائیں" پی سی بی نے ...

  



کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سری لنکا کے صدر شامی سلوا کے بیان پر اپنی ناپسندیدگی، مایوسی اور حیرت کا اظہار کیا ہے اور اپنے تحفظات اور جذبا ت سے کولمبو میں کرکٹ سری لنکا کو آگاہ کردیا ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق دبئی میں چیئرمین احسان مانی اور وسیم خان نے بھی سری لنکا کے حکام سے اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔ سری لنکا کو دسمبر میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ پاکستان میں کھیلنا ہیں۔ پی سی بی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز بیرون ملک نہیں کھیلے گا۔ اگر سری لنکا پاکستان میں نہیں کھیلنا چاہتا تو وہ بیرون ملک ہونے والی سیریز کے اخراجات برداشت کرے۔ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کی کامیاب میزبانی کی اور مہمان ٹیم کی پندرہ دن تک کامیاب میزبانی کی۔ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے۔ شامی سلوا نے کولمبو میں ایک انٹرویو میں پاکستان کے انتظامات پر نامناسب تبصرہ کیا ہے اور کہا تھا کہ کھلاڑی ہوٹل میں رہ کر تین دن میں بے زار ہوکر اکتاہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔ شامی سلوا نے کہا کہ میں بھی کراچی میں دو دن بعد ہوٹل میں اکتا گیا تھا۔ دسمبر میں پاکستان میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ ہیں۔ اس لئے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کھلاڑیوں کی مشاورت سے کریں گے۔ کرکٹ سری لنکا نے اپنے چیف سلیکٹر اسنتھا ڈی میل سے بات چیت کی ہے۔ ڈی میل بھی لاہور میں موجود تھے۔ پاکستان میں عام طور پر رینجرز اور پولیس سیکیورٹی انتظامات دیکھتی ہے لیکن سری لنکا کی درخواست پر پہلی بار سیکیورٹی فوج کے حوالے کی گئی تھی۔ وطن واپسی پر سری لنکا کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے وطن جاتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ اب شامی سلوا کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں سری لنکا ٹیم کو شاپنگ کرانے کی پیشکش کی گئی تھی۔ گالف کھیلنے کی دعوت دی گئی تھی۔ سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلی نے مہمان ٹیم کے لئے کھانے کی دعوت کا انتظام کیا ہوا تھا لیکن سری لنکا ٹیم کے حکام نے پی سی بی کی تمام پیشکشوں کو مسترد کرتے ہوئے ہوٹل میں رہنے پر ترجیح دی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائر گالف کھیلنے گالف کورس گئے۔ سری لنکا سے آئے ہوئے آٹھ صحافیوں کو لاہور کی فوڈ اسٹریٹ لے جایا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ، ٹیم کو بھی ہوٹل سے باہر لے جانا چاہتا تھا لیکن ٹیم انتظامیہ نے ہوٹل میں رہنے کو ترجیح دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں اب حالات بہت بہتر ہیں ہم نے سیریز کراکر یہ ثابت بھی کیا۔ اب شامی سلوا کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔ پی سی بی نے کولمبو فون کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے ہوم سیریز باہر نہیں کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈیوٹرن نے اپنے ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔

مزید : کھیل


loading...