روسی صدر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن )روسی صدر ولادی میر پیوٹن سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ۔روسی صدر 12 سال بعد سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر ریاض پہنچے۔ شاہی محل میں سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیوٹن کا والہانہ استقبال کیا۔اس دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے اور سعودی روایتی موسیقی بھی بجائی گئی، مختصر سے ملاقات کے بعد شاہ سلمان اور صدر پیوٹن کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا انعقاد ہوا۔مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر پیوٹن کے دورے کے دوران سعودی عرب اور روس کے درمیان 2 ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔روسی صدر سعودی قیادت سے تیل کی پیداوار سے متعلق سمجھوتے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔روس نے حال ہی میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کی تھی۔