شہبازشریف احتجاجی تحریک کولیڈ کریں گے ،سینیٹر مصدق ملک نے بڑا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ شہباز شریف بھرپور انداز میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب تحریک چل پڑے گی تو وہ بھر پور انداز میں اس کو لیڈ کریں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ احتجاج کیلئے آئینی طریقہ کار اپنایاجارہا ہے ۔اس وقت مہنگائی بہت زیادہ ہے ، حکومت گرے یا نہ گرے رویہ اور پالیسی درست کرنا پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہسپتالوں میں ڈائیلاسز بھی مہنگا کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے حوالے سے 1992سے متضاد خبریں آرہی ہیں لیکن آج تک شہباز شریف نے اپنے بھائی اور رہبر کا ساتھ نہیں چھوڑا ۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اب بھی شہباز شریف بھرپور انداز میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب تحریک چل پڑے گی تو وہ بھر پور انداز میں اس کو لیڈ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نقطہ نظر سامنے رکھنے کو جھگڑا نہیں کہا جاسکتا لیکن ہر اجلاس میں شہباز شریف یہ کہتے ہیں کہ اس معاملے پرمیری رائے یہ ہے اور جو فیصلہ نواز شریف کی طرف سے آئے گا ، میں اس پر عمل کروں گا ۔