مولانا فضل الرحمان کا دھرنا دینا درست عمل نہیں ہے ، سلیم صافی کا حیران کن تجزیہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ اگر ہم عمران خان کے دھرنے کو صحیح نہیں سمجھتے تھے تو فضل الرحمان کے دھرنے کو بھی درست نہیں سمجھتے ، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے لوگوں کا روزگار متاثر ہوگا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے مارچ پر اعتراض کررہی ہے لیکن ہر پارٹی کے احتجاج میں جھنڈے ہوتے ہیں اور کوئی جھنڈا ڈنڈے کے بغیر نہیں ہوتا ،فرق صرف اتناہے کہ مولانافضل الرحمان کے جلسے میں جو ڈنڈے دکھائے گئے ہیں ، ا ن پر جھنڈا نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آج تک مایوس نہیں ہوئے جولوگ مولانافضل الرحمان کے جلسے پر اعتراض کررہے ہیں ، وہ کوئی ایک ایسا جلسہ دکھا دیں جن میں جھنڈا اورڈنڈا نہ ہوالبتہ ڈنڈے کا غلط استعمال درست نہیں ہوگا ۔
سلیم صافی کا کہنا تھا کہ اگر ہم عمران خان کے دھرنے کو صحیح نہیں سمجھتے تھے تو فضل الرحمان کے دھرنے کو بھی درست نہیں سمجھتے ، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے لوگوں کا روزگار متاثر ہوگا ۔ مولانا فضل الرحمان اپنے احتجاج کاحق استعمال کریں کیونکہ اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ،مولانا ڈی چوک کی بجائے فیصل مسجد بیٹھ جائیں لیکن اگر مولانا فضل الرحمان یہ نہیں مانتے تو پھر مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرناہوگا لیکن یہ مکالمہ نہ حکومت کرسکتی ہے اور کابینہ کرسکتی ۔اس لئے مولانا کے مارچ سے پہلے مسئلے کاحل نکالا جائے ۔