’ اگر خلائی مخلوق سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کرلے، عالمی طاقتیں سن لیں کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں ان سے بات چیت نہ کی جائے‘
چارسدہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر ’خلائی مخلوق‘ سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کرلے اور ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں، تمام ممالک سن لیں کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں ان سے بات چیت نہ کی جائے۔
ولی باغ میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال ہونے والے الیکشن بدترین دھاندلی زدہ تھے اور ان کے حوالے سے ہمارا جو موقف پہلے تھا وہی آج بھی ہے، اگر خلائی مخلوق سے غلطی ہوئی ہے تو تسلیم کرلے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے عالمی طاقتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’ تمام ممالک کی قیادت سن لے کہ عمران خان ہمارا نمائندہ نہیں اس سے بات چیت نہ کی جائے۔‘
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ خود ہماری تحریک کو اٹھا رہے ہیں اور ہمارے لیے اطمینان کی بات یہ ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ کی حمایت کررہی ہیں، ہم پورے ملک کو بند گلی سے نکالنے جا رہے ہیں ۔
مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ ان کے دھرنے کو روکنا سیلاب کو روکنے کے مترادف ہوگا جو حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔