پاکستانی اردگان کے بعد سب سے زیادہ کس ملک کے حکمران کو پسند کرتے ہیں؟ نیا سروے آگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) روشن پاکستان کی جانب سے کرائے جانے والے حالیہ سروے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے بعد چینی صدر شی جن پنگ کیلئے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
روشن پاکستان کی جانب سے 9 سے 13 اکتوبر تک پاکستان میں سروے کیا گیا جس میں 4319 افراد نے شرکت کی۔ سروے کے شرکا سے سوال کیا گیا کہ ’آپ کس ملک یا حکومت کے سربراہ کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں؟‘ سروے میں شریک 24 اعشاریہ 7 فیصد افراد نے ترک صدر رجب طیب اردگان کیلئے پسندیدگی کا اظہار کیا۔
سروے میں شریک ساڑھے 11 فیصد افراد نے چینی صدرشی جن پنگ ، 7 اعشاریہ 2 فیصد نے سعودی بادشاہ ، 4 اعشاریہ ایک فیصد نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای، 3 اعشاریہ 3 فیصد نے مہاتیر محمد اور ایک اعشاریہ 7 فیصد لوگوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا پسندیدہ غیر ملکی حکمران قرار دیا۔
سروے میں شریک ڈیڑھ فیصد لوگوں نے افغان صدر اشرف غنی، ایک اعشاریہ 2 فیصد لوگوں نے جرمن چانسلر اینجلا مرکل، 1 اعشاریہ 1 فیصد لوگوں نے قطر کے حکمران اور 0.8 فیصد لوگوں نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کیلئے پسندیدگی ظاہر کی۔ سروے میں شریک 7 اعشاریہ 8 فیصد لوگوں نے دوسرے ممالک کے حکمرانوں کیلئے پسندیدگی ظاہر کی جبکہ 35 اعشاریہ ایک فیصد لوگوں نے کسی بھی غیر ملکی حکمران کیلئے پسندیدگی کا اظہار نہیں کیا۔