’ملک پر نااہل حکمران مسلط ،قوم کوانکے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے‘مولانا فضل الرحمان حکومت پر برس پڑے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علماءاسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک پر نااہل حکمران مسلط ہیں،قوم کوان کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے،ملک سے وفاداری کا معیار کسی اورنے نہیں ہم نے بتانا ہےاوراپنے ملک کا دفاع کرنا ہے،پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہم اپنے گھر کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ ملک کے بڑے اثاثوں کو گروی رکھے جا رہے ہیں، تین سالوں میں اتنے قرضے لیے جو گذشتہ 70 سال میں کسی نے نہیں لئے تھے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اوراب پاکستان کو مغربی تہذیب کی آماجگاہ بنایا جا رہا ہے، ہم نے خود کو طاقت بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل آرمی چیف کے حکم کا پابند ہے، یہ اختیار اس حد تک نہیں کہ کوئی اس پر ڈٹ جائے، وزیراعظم ایک غلط چیز پر جاہلانہ اندازمیں کھڑے ہیں،وزیراعظم کو اس حد تک مداخلت نہیں کرنی چاہیے کہ نظام متاثر ہو، تمام معاملات مشاورت کے ساتھ چلتے ہیں، مشکلات اسی وجہ سے آئیں کہ پارلیمنٹ میں فوج اور فوج کے کام میں کسی اور نے مداخلت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لمحہ بہ لمحہ صورت حال تبدیل ہورہی ہے،آئین کے مطابق فیصلے کریں گے تو مشکل پیش نہیں آئے گی،ہمیں فکر اس بات کی ہے کہ پاکستان کو کوئی نقصان نہ پہنچے، فوج واحد منظم ادارہ ہے جو پاکستان کی امید ہے، جتنا نقصان اس ادارے کوموجودہ حکومت نے پہنچایا اتنا دشمن نے بھی نہیں پہنچایا، موجودہ حکمرانوں نے ملک کی معاشی صورت حال کو بھی تہس نہس کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر خان ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، یہ وہ شخصیت ہیں جو اپنا مشن مکمل اور پاکستان اور پاکستانی قوم کو بہت کچھ دے کر گئے ہیں۔