پاکستان تحریک انصاف کوووٹ دینے والے پچھتار ہے ہیں، راجہ پرویز اشرف 

پاکستان تحریک انصاف کوووٹ دینے والے پچھتار ہے ہیں، راجہ پرویز اشرف 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس دیا ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کی سیاست کی ہے،مہنگائی کیخلاف،بھر پور تیاری کیساتھ احتجاج کرینگے پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام کیساتھ ہے۔تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے پچھتا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ایگزیکٹو کے زوم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں حسن مرتضی،ثمینہ خالد گھرکی،عاصم محمود بھٹی،میاں اظہر حسن ڈار،غلام فرید کاٹھیا،تسنیم قریشی،رائے شاہ جہاں بھٹی،اسرار بٹ،فیصل میر،ڈاکٹر خیام،ڈاکٹر خالد جان،علامہ یوسف اعوان،عمران اٹھوال،ارشد جٹ،محسن ملہی،موسی کھوکھر،طیب چٹھ اور دیگر نے شرکت کی اور مہنگائی کیخلاف تجاویز دیں۔زوم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ،وسطی پنجاب میں جگہ جگہ مہنگائی کیخلاف احتجاج کرینگے،پی وائی او،پی ایس ایف سمیت تمام تنظیموں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا،دوستوں کی آراء کو مد نظر رکھ کے مہنگائی کیخلاف احتجاج کرینگے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم کسی گروپ پر یقین نہیں رکھتے۔ہمارا ایک ہی گروپ پیپلز پارٹی اور ایک چیرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔حسن مرتضی نے کہا کہ اگر حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ کیا تو 16 ا کتوبر کو تمام اضلاع میں پریس کلبز کے باہر احتجاجی مظاہرے کرینگے۔صوبائی دارلحکومت میں پیپلز پارٹی لاہور احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کریگی جس میں صوبائی قیادت شریک ہو گی۔دیگر شرکاء نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہروں میں معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ ملانا ہو گا۔جب تک یونین کونسل سے اوپر تک ہر سطح پر مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج،بھوک ہڑتال کیمپ اور دھرنے نہیں دینگے یہ حکمران ہم پر مہنگائی بڑھاتے رہیں گے۔عام آدمی مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ ہے،پیپلز پارٹی اس صورتحال میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔پیپلز پارٹی کے کارکن اور رہنما پارٹی جھنڈوں  کیساتھ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں۔

راجہ پرویز اشرف 

مزید :

صفحہ آخر -