عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری 

 عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)صوبہ بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں تقریبات تزک و احتشام سے جاری ہیں۔ گزشتہ روز پنجاب کے تمام اضلاع میں سرکاری دفاتر، مساجد اور نجی اجتماعات میں محافل میلاد، محافل سماع، چراغاں اور سیرت النبیؐ کانفرنسز منعقد ہوئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تمام اضلاع کے ڈی سی اور کمشنر حضرات کو عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات کے شیڈول پر عمل درآمد کرانے کی خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں سکول، کالج و یونیورسٹی کی سطح پر تقریری مقابلے، کوئز پروگرام اور مقابلہ حسن قرآت، نعت خوانی منعقد کرائے جا رہے ہیں۔ علماومشائخ اس عشرہ مبارک کی مناسبت سے مذہبی اجتماعات اور سیمینارز میں حیات طیبہ اور سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے نبی رحمتؐ کی تعلیمات پر عمل کا درس دے رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں میلادالنبیؐ کے سلسلے میں جلوس اور واکس منعقد کی گئیں۔ سرکاری عمارات و مساجد کو چراغاں کر کے بقعہ نور بنایا گیا ہے۔ مرد حضرات و خواتین کی الگ الگ محافل میلاد پورے مذہبی جوش و خروش سے جاری ہیں۔ گزشتہ روز لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر واقع پناہ گاہ میں محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں ممتاز نعت خواں حضرات نے نبی اکرمؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔تمام اضلاع میں اسمائے محمدؐ کے حوالے سے خطاطی کے مقابلے بھی جاری ہیں۔ راولپنڈی اور ملتان میں پنجاب آرٹس کونسل کے ہالز میں محافل سماع منعقد ہوئیں جن میں سننے والے کثیر تعداد میں موجود تھے۔
 عشرہ شان رحمت اللعالمین

مزید :

صفحہ آخر -