وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ کپ کی فاتح قومی کبڈی ٹیم کو اعزازی چیک دیں: پرویز الٰہی 

وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ کپ کی فاتح قومی کبڈی ٹیم کو اعزازی چیک دیں: پرویز الٰہی 

  

لاہور(جنرل رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ چار سال کیلئے عہدیداروں کیلئے انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ انتخابات نائب صدر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن ڈاکٹر عباس آورسجی کی زیرنگرانی منعقد ہوئے۔ چودھری شافع حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ چار سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہو گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی ٹیم کو وعدہ کے مطابق جلد ازجلداعزازی چیک دیں، ڈیڑھ سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود اعلانات پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے پاکستان میں کبڈی کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیاہے، چودھری شافع حسین نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں کروایا اور کبڈی کی تاریخ میں پاکستان پہلی بار ورلڈکپ 2020ء  جیتا۔ نومنتخب صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے کہا کہ کبڈی کے فروغ کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دے رہے ہیں، الحمدللہ کورونا کنٹرول ہو گیا ہے انشاء اللہ آئندہ کبڈی کے میچز پاکستان میں کروائے جائیں گے، گوادر میں بھی کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چائنہ کی کبڈی ٹیم کو بھی بلایا جائے گا۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کبڈی کا کھیل پاکستان کی پہچان ہے، پنجاب کے گبھرو جوانوں کا پسندیدہ کھیل بھی ہے، پاکستان کبڈی فیڈریشن کی بنیاد صدر چودھری ظہور الٰہی شہید نے 1964 میں رکھی اور فیڈریشن میں اوور سیز پاکستانیوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ یہ کھیل نیشنل لیول پر بھی متعارف ہو، چودھری ظہورالٰہی شہید نے اپنے ذاتی خرچ سے کبڈی فیڈریشن کو کینیڈا کا دورہ بھی کروایا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا کے علاوہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے پانچوں صوبوں کے عہدیداروں بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں آرمی، ایئر فورس، نیوی، سوئی گیس، ایچ ای سی اور واپڈا سمیت دیگر اداروں کے 40 نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چودھری پرویزالٰہی سے صدر ایران کبڈی فیڈریشن اور نائب صدر انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن ڈاکٹر عباس آورسجی نے ویڈیولنک پر بات کی۔ اجلاس میں چودھری ظہورالٰہی شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -