دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل منایا جا رہا ہے

دنیا بھر میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن کل منایا جا رہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)دنیا بھر میں کل ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس کا مقصد لوگوں کو ہاتھوں کی صفائی کے ذریعے مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت اس دن کے موقع پر دینی مدارس طلباء اور اساتذہ کے لئے ہاتھ دھونے سے متعلق تربیتی پروگرام کئے جا رہے ہیں۔\

 پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر خبیب شاہد نے ایک بیان میں کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے ہاتھوں کی صفائی نہایت اہم ہے، ہمارے دین نے صفائی کی اہمیت اس طرح واضح کی ہے کہ صفائی کو ایمان کا حصہ قرار دے دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے باعث ہاتھوں کو صاف رکھنے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، کیونکہ ہاتھوں کو مسلسل صاف رکھنا اس وائرس سے بچاؤ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ہاتھوں کو مسلسل صاف رکھنے سے ڈائریا، ٹائیفائیڈ، پیٹ کی بیماریاں اور ہیپاٹائٹس اے جیسی بیماریوں سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 20سیکنڈز تک ہاتھ دھونے کی عادت کو اپنانا چاہیے اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تاکید کرنی چاہیے، بالخصوص کھانا کھانے، تیار کرنے، تقسیم کرنے یا کھانے کی تیاری میں مدد دینے سے قبل، بیت الخلاء  سے فراغت کے بعد، ہاتھوں میں کھانسی کرنے یا چھینکنے کے بعد اور ہاتھ واضح طور پر گندگی دکھائی دینے کے بعد لازمی دھونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھوتے ہوئے انگلیوں کے سرے، ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور انگوٹھے کو صاف کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔