1ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کیلئے پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات شروع
اسلام آباد (آن لائن)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک ارب ڈالر کی قسط کیلئے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، واشنگٹن میں ہونیوالے مذاکرات میں پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی، ٹیکس اوربجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین وفد کے ہمراہ پالیسی سطح کے مذا کر ات میں شرکت کیلئے واشنگٹن میں موجود ہیں،سیکرٹری خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک اور اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ ہیں، آئی ایم ایف اینول میٹنگ 11 اکتوبر سے واشنگٹن میں شروع ہوئی تھی، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہونے کافیصلہ ہوگا، گزشتہ ہفتہ تکنیکی سطح کے مذاکرات میں آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمتوں، ٹیکسز میں اضافے کی تجویز دی تھی۔ذرائع کے مطابق پاکستان قیمتوں اور ٹیکسز میں اضافے کی بجائے متبادل پلان پیش کریگا،مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائیگی، پالیسی سطح کے مذاکرات رواں ہفتے کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ 40 پیسے فی یونٹ تک اضافہ کرنے کی ہدایت کی تھی آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو پاور سیکٹر کے گردشی کر کم،ایف بی آر کو ٹیکس اہداف میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی،جبکہ پاکستان کو معاشی پالیسیاں بھی مزید بہتر کرنے کا کہا گیا ہے۔
قسط اجراء