جعلی مقدما ت، گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں، ملک میں اہم ترین تقرریاں جادو ٹونے سے کی جا رہی ہیں: مریم نواز

جعلی مقدما ت، گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں، ملک میں اہم ترین تقرریاں جادو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عمران خان آئینی اور منتخب وزیراعظم نہیں ہیں وہ وزیراعظم کی کرسی پر ڈاکہ ڈال کر قابض ہیں، عمران خان کو نواز شریف بننے کی کوشش نہیں کرنی چا ہئے، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا، عمران خان کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ ملک میں اہم ترین تقرریاں جادو ٹونے سے کی جار ہی ہیں، جادو ٹونا اتنا کامیاب ہے توعوام کی بھلائی کیلئے کیوں نہیں کرتے۔طوطا فال سے اہم تقرریا ں کی جائیں گی تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں جعلی مقدمات اور گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں ہوں۔نیب کی درخواست دیکھ کر ایسا لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں، کر سی پر قابض شخص ملک کو جادو ٹونے کے ذریعے چلا رہا ہے۔  بدھ کو اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ  نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست لکھی ہے دیکھنا چاہتی ہوں کہ کس عقلمند نے وہ درخواست لکھی اس شخص کا چہر ہ عوام کو دکھایا جانا چاہے کہ وہ ہمدر کون ہے تاکہ اس شخص کو 21نہیں 22توپوں کی سلامی ہونی چاہے، گرفتاری سے نہیں ڈرتی ہوں مجھے گرفتار کریں،نیب کی درخواست دیکھ کر ایسا لگا جیسے بچے ڈر رہے ہیں، ضمانت منسوخ کریں  اورگرفتاری کریں تاکہ عوام کو پتہ چلے کہ آپ کتنا ڈرتے ہیں،سچ کو ایک نہ ایک دن سامنے آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہہ دیا تھا کہ اس نے اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔  منتخب وزیر اعظم کو آئین جو حقوق دیتا ہے اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا،عمران خان نہ آئینی اور نہ منتخب وزیراعظم ہیں وہ سیلکٹیڈ ہے وزیراعظم کی کرسی پر ڈاکہ ڈال کر قابض ہیں،ایک شخص کی وجہ سے ملک کو تماشا بنا دیا گیاہے۔ اتناہی جادو ٹونا کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کی بات کیوں نہیں کرتے؟ آج آپ کو ووٹ کی عزت یاد آگئی ہے، نواز شریف منتخب اور آئینی وزیراعظم تھے، ان کی جدوجہد اس کی ذات کے لیے نہیں تھی، کیا آپ نے قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے،ووٹ کو عزت دینے کے لیے جیلیں اور صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی ہیں،ووٹ کوعزت دوکی خاطراٹک قلعہ میں جاناپڑتاہے۔، نوکری اور چاکری کرنیوالے کو صر ف نوکری اور چاکر ی کرنی چاہے،عمران خان کو نواز شریف بننے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے وہ عوام کی ووٹوں سے وزیراعظم بنے تھے شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی پہچان اور تعارف منتخب حکومت کے خلاف سازش کرناہے، نواز شریف نے اپنی ذات اور حکومتوں کی قربانی دی ہے،عمران خان کی سیاسی پہچان امپائر کی انگلی اور منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کر نا اور 126دن دھر نا دینا  ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جمہوریت او ر جمہوری جدوجہد سے کوئی لینا دینا نہیں، ان کو اپنی نااہلی کا جواب دینا پڑے گا۔عمران خان کو تاریخی قرضوں کا جواب دینا پڑیگا، عمران خان کو پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کرنے کا جواب دینا پڑیگا،جنترمنتر سے پیٹرول اورآٹاسستاکیوں نہیں کرتے؟۔  اس وقت ملک میں حکومت نا م کی کوئی چیز نہیں ہے،، وزیراعظم کی کر سی پر قابض شخص ملک کو جادو ٹونے کے ذریعے چلا رہا ہے، آپ کو ملک میں مہنگائی اور لاقانونیت کا عذاب عوام پر ڈھانے کاجواب دینا پڑے گا، ، پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت میں کوئی اختلاف نہیں فائنل فیصلے کا انتظار ہے ۔۔میری درخواست میں ہربات واضح ہے،اسلا م آباد ہائیکورٹ نیب اورمیر ی درخواست کوساتھ ساتھ لیکر چلناچاہتی ہے،اپنا موقف واضح کرنے کے لیے ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست بھی دینا پڑی تو دوں گی۔
مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -