پا ک ایران سرحد ٍامن، دوستی کی علامت، عالمی برادری افغانستان میں معاشی تباہی روکنے کیلئے کردار اد ا کرے: عمران خان 

پا ک ایران سرحد ٍامن، دوستی کی علامت، عالمی برادری افغانستان میں معاشی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


               اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، افغانستان کے پڑوسیوں کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کا امن اور استحکام سے براہ راست تعلق ہے۔وزیراعظم عمران خان سے ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران عمران خان نے تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران سرحد پر مارکیٹس کے قیام کے معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔ جبکہ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ ان مارکیٹوں سے خطے میں روزی روٹی میں آسانی ہوگی۔وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے تنازع پر ایران کی مثبت کردارکو سراہا جبکہ افغانستان میں تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے قومی مفاہمت اور جامع سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران عمران خان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کو دہرایا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، افغانستان کے پڑوسیوں کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کا امن اور استحکام سے براہ راست تعلق ہے، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان اور پائیدار معیشت اور کا خواہشمند ہے، افغانستان میں بین الاقوامی برادری مثبت طور پر اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں معاشی تباہی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے ملک میں 12 ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا،پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی،اسلام آباد میں 12 ربیع الاول کی تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا آج دنیا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ امین اسلم نے شرکاء کو موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی، قومی وائلڈ لائف پالیسی اور گرین کلائمیٹ ڈپلومیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ”قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور قومی وائلڈ لائف پالیسی 2021کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ مارگلہ ہلزمیں خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے گا، اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں وائلڈ لائف انفارمیشن سینٹر کے قیام اور بین الاوزارتی تھنک ٹینک تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعظم نے کہاعالمی برادری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیاوزارت موسمیاتی تبدیلی ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے اہداف مقرر کرے،نیشنل پارکس کی حفاظت کے لئے تربیت یافتہ عملہ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 10 ارب درختوں کے پروگرام کی وجہ سے گرین چیمپئن کی حیثیت حاصل کی دنیا کو ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کرنی چاہیے۔
عمران خان  

مزید :

صفحہ اول -